موٹرویز بند

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہونے کے باعث موٹروے پولیس نے متعدد اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی، ایم فور شیر شاہ سے شام کوٹ، ایم فائیو شیر شاہ سے روہڑی اور ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک آمدورفت معطل ہے۔ قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جس پر موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں اسموگ بدستور چھائی ہوئی ہے، جہاں گوجرانوالہ 429 پارٹیکولیٹ میٹر کے ساتھ سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار پایا۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق فیصل آباد میں 347، پشاور میں 272، راولپنڈی میں 207 جبکہ لاہور میں 180 پارٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور ٹریفک حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر مؤخر کریں اور دورانِ ڈرائیونگ فوگ لائٹس و کم رفتار کا خیال رکھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close