پاکستان میں موبائل سروس سست ہونے کی سب سے بڑی وجہ سامنے آ گئی

پاکستان میں موبائل فون صارفین اکثر سروس کی سست رفتاری سے پریشان ہیں۔ اس مسئلے کی بنیادی وجہ قومی اسمبلی کی آئی ٹی کمیٹی کے اجلاس میں سامنے آئی ہے، جہاں چیئرمین پی ٹی اے نے بریفنگ دی کہ ملک میں صرف 15 فیصد موبائل ٹاورز ہی فائبر آپٹک نیٹ ورک سے منسلک ہیں۔ فائبرائزیشن کی اس کمی کی وجہ سے موبائل سروس کی کوالٹی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فائبر نیٹ ورک کی توسیع کے بغیر 5G خدمات متعارف کرائی گئیں تو صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

کمیٹی ارکان نے موبائل سروس کی ناقص کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا، خاص طور پر 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد سے صارفین کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔ ارکان کا کہنا تھا کہ موبائل ٹاورز کے سولر سسٹم اور بیٹریوں کے مسائل بھی خدمات کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی اے کے کوالٹی آف سروس سرویز کے نتائج پر بھی سوال اٹھائے اور مطالبہ کیا کہ یہ سروے شفاف طریقے سے کیے جائیں۔

کمیٹی کے چیئرمین امین الحق نے کہا کہ سپیکٹرم کی نیلامی کے ذریعے صورتحال میں بہتری آ سکتی ہے، اور وزارت آئی ٹی کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close