نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ب فارم پر تاریخ پیدائش میں ترمیم کروانے کی سہولت فراہم کر دی۔
ب فارم، جسے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (CRC) بھی کہا جاتا ہے، پاسپورٹ حاصل کرنے، اسکول میں داخلے اور بچوں کے بین الاقوامی سفر کیلیے ایک ضروری دستاویز ہے۔
نادرا نے اپنے آن لائن سسٹم کو اپ ڈیٹ کیا ہے جس سے والدین نادرا دفاتر کا دورہ کیے بغیر ب فارم کیلیے درخواست دے سکتے ہیں۔
طویل قطاروں کو ختم کرتے ہوئے اور رجسٹریشن کے عمل کو آسان بناتے ہوئے اب پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے درخواستیں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
آن لائن رجسٹریشن کے علاوہ نادرا نے ب فارم پر تاریخ پیدائش درست کرنے کا طریقہ کار بھی واضح کر دیا۔
سوشل میڈیا پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں نادرا نے کہا کہ اگر کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر ب فارم جاری کیا گیا ہے تو والدین کو پہلے متعلقہ یونین کونسل کی طرف سے تاریخ پیدائش کی درستگی کرنی ہوگی۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ شہری صحیح تاریخ پیدائش کے درست ثبوت کے ساتھ نادرا رجسٹریشن سینٹر جا سکتے ہیں۔ قابل قبول دستاویزات میں اصل سفری دستاویزات، تعلیمی سرٹیفکیٹ، سروس ریکارڈ یا میڈیکل ریکارڈ شامل ہیں۔
نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی تصحیح کی درخواست دینے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام دستاویزات درست اور تصدیق شدہ ہوں تاکہ کارروائی میں تاخیر سے بچا جا سکے۔
ب فارم کیلیے درخواست دینے کا طریقہ:
پاک آئی ڈی ایپ میں اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں یا نیا بنائیں
’Apply Now‘ پر کلک کریں اور ’Issuance of Identity Document‘ کو منتخب کریں
’Identity Card‘ کا انتخاب کریں اور پھر چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (CRC) کو منتخب کریں
CNIC نمبر درج کریں اور درخواست شروع کریں
پہلے سے بھری ہوئی معلومات کا جائزہ لیں اور پروسیسنگ کو منتخب کریں
بچے کی تصویر اپ لوڈ کریں اور ڈیجیٹل دستخط فراہم کریں
بچے کی تفصیلات درج کریں اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں
ایک والدین کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کریں
درخواست کا جائزہ لیں اور جمع کروائیں
تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد والدین براہ راست پاک آئی ڈی ایپ سے ب فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






