اسلام آباد: ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں مزید دو گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران استغاثہ کے مزید دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ سماعت کے موقع پر دفاع کے وکلا گواہوں پر جرح نہ کر سکے۔
عدالت نے کارروائی کے دوران ملزم عمر حیات پر ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں فردِ جرم بھی عائد کر دی۔ اب تک اس کیس میں مجموعی طور پر 16 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ رواں برس 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی درخواست پر سمبل پولیس اسٹیشن میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ملزم عمر حیات کو گرفتار کیا۔
ثنا یوسف سوشل میڈیا پر خاصی مقبول تھیں، ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 8 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر لگ بھگ 5 لاکھ فالوورز موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






