پاکستان میں ایم جی نے اپنی نئی الیکٹرک گاڑی بنگو ای وی کی قیمت کا اعلان کر دیا ہے، جو کمپنی کی الیکٹرک وہیکل لائن میں ایک تازہ اضافہ ہے۔ یہ الیکٹرک ہیچ بیک کار شہری استعمال کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے اور جدید فیچرز، بہتر رینج اور معقول کارکردگی فراہم کرتی ہے۔
گاڑی کا ڈیزائن ریٹرو اسٹائل سے متاثر ہے، اس میں سادہ سنگل موٹر سیٹ اپ ہے اور یہ روزمرہ استعمال کے لیے موزوں ڈرائیونگ رینج فراہم کرتی ہے۔ اس میں چار افراد باآسانی سفر کر سکتے ہیں اور یہ کشادہ انٹیریئر، جدید ڈیجیٹل ڈسپلے اور مؤثر بیٹری کے ساتھ آتی ہے۔
بنگو ای وی میں 31.9 kWh لِی آئن فیرو فاسفیٹ بیٹری استعمال کی گئی ہے جو 67 ہارس پاور اور 150 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرنے والی الیکٹرک موٹر کے ساتھ جوڑی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق گاڑی کی WLTP رینج 273 کلومیٹر ہے، جو روزانہ شہری سفر کے لیے مناسب ہے۔
یہ گاڑی فاسٹ اور اسٹینڈرڈ دونوں قسم کی چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے۔ ڈی سی فاسٹ چارجنگ میں 30 فیصد سے 80 فیصد تک چارجنگ صرف 35 منٹ میں مکمل ہو جاتی ہے، جبکہ اے سی چارجنگ میں 20 فیصد سے 100 فیصد تک 5.5 گھنٹے درکار ہیں۔
سیفٹی کے حوالے سے گاڑی میں ڈوئل فرنٹ ائیر بیگز، اے بی ایس، ای بی ڈی، ریئر پارکنگ سینسرز اور کیمرہ شامل ہیں۔ پاکستان میں ایم جی نے بنگو ای وی کی قیمت 59 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






