جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد حکومت مخالف تحریک کا اعلان کریں گے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت میں یکسوئی نہیں ہے، تاہم ہمارے ہم خیال دینی اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے ہیں۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے باہر دینی اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر تحریک لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت کے بعد حکومت مخالف تحریک کا اعلان کریں گے۔
عبدالغفور حیدری نے حکومتی حلقوں کی جانب سے گورنر راج کے حوالے سے بیانات پر کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی باتیں زیر گردش ہیں، تاہم یہ دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون میں ترامیم قومی اور ملکی مفاد میں کی جاتی ہیں، صرف شخصی مفادات کے لیے ترامیم قوم کے لیے قابل قبول نہیں ہیں۔
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے مسائل بدستور حل طلب ہیں اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ سود کے خاتمے پر قانون سازی ضرور ہوئی، مگر عملی طور پر سود ختم نہیں ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






