ہائیکورٹ نے یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی دس دن کی راہداری ضمانت منظور کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرون ملک میں موجود ملزمان کے خلاف گیمنگ ایپ، سائبر کرائم سمیت دیگر کیسز کی سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ کراچی میں بھی مقدمہ ہے اور پندرہ روز کی راہداری ضمانت دیں۔ جس پر جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ دس دن کی راہداری ضمانت دے رہے ہیں اور متعلقہ عدالت سے رجوع کر لیں۔
عدالت نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی حفاظتی ضمانت میں دس روز کی توسیع کرتے ہوئے کہا کہ وہ دس روز میں کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے دس دن کے لیے رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی گرفتاری سے روک دیا۔
یاد رہے کہ عدالت نے دونوں کو بیرون ملک سے واپسی پر حفاظتی ضمانت دے رکھی تھی۔ دونوں ملزمان کے خلاف سائبر کرائم سمیت دیگر متعدد مقدمات درج ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی حکومت نے مقدمہ چھپانے پر یوٹیوبر کا ویزہ منسوخ کر دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ برطانوی ہوم آفس نے تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا، جس میں کہا تھا کہ پاکستان میں مقدمہ چھپانے کے باعث یوٹیوبر کا ویزہ منسوخ کیا گیا۔ برطانوی وزارت داخلہ نے بتایا تھا کہ یوٹیوبر نے ہوم آفس کو مقدمے سے متعلق آگاہ نہیں کیا تھا، جبکہ ان کے پاس 2027 تک برطانیہ کا ویزہ تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






