جنگ کے دنوں میں بھی عمران خان کی زبان پاکستان کے ساتھ نہیں تھی، خواجہ آصف کا کڑا وار

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران بھی ذمہ دارانہ رویہ اختیار نہیں کیا اور مسلسل ایسی زبان استعمال کرتے رہے جو قومی یکجہتی کے خلاف تھی۔ ان کے مطابق “ان کی شناخت پاکستان دشمن کی ہے”۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نہایت محتاط لہجہ اپنایا، لیکن سیاسی قیادت کے پاس جواب دینے کی زیادہ آزادی ہوتی ہے، اور اگر سامنے سے سخت زبان آئے گی تو جواب بھی اسی انداز میں دیا جائے گا۔ انہوں نے عمران خان کی ہمشیرہ کے بھارتی میڈیا کو دیے گئے بیان پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ کوئی بھی پاکستان سے محبت رکھنے والا شخص ایسے الفاظ استعمال نہیں کرسکتا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جنگ کے مشکل وقت میں ملک کے دوست اور اتحادی پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے، لیکن ایک سیاسی جماعت نے قومی ذمہ داری ادا نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ صرف اس دوران بھی نامناسب زبان استعمال کرتے رہے بلکہ فوجی قیادت کو بھی نشانہ بناتے رہے، یہاں تک کہ شہداء تک ان کی تنقید سے محفوظ نہیں رہے۔ ایسے لوگ پاکستانیت کا دعویٰ کیسے کرسکتے ہیں؟ خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست، اختلاف اور احتجاج ہر کسی کا حق ہے، مگر پاکستان کی سرزمین، غیرت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ماضی میں فوج پر تنقید کرتے رہے ہیں، لیکن کبھی دہشتگردوں کی حمایت نہیں کی، نہ ہی طالبان کے حق میں آواز اٹھائی، نہ بھتہ دیا اور نہ ہی دہشتگردی کے بیانیے کو تقویت دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close