اسلام آباد: ایف آئی اے نے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو جعلی ملازمتوں کے جال سے خبردار کر دیا ہے۔
ایجنسی کے مطابق مختلف ممالک میں پاکستانیوں کو جعلی ملازمتوں کی پیشکش کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے انہیں غیر قانونی سرگرمیوں، بشمول سائبر اور مالی جرائم میں ملوث کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ خاص طور پر تھائی لینڈ، میانمار، لاؤس، ویتنام اور کمبوڈیا میں یہ مافیا سرگرم ہے۔
ایف آئی اے نے کہا کہ ایسی ملازمتیں حاصل کرنے سے پہلے مکمل تصدیق کر لیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں۔ ادارے نے عوامی آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے، کیونکہ کئی پاکستانی جعلی کال سینٹر آپریشنز میں پھنس چکے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی حکام نے 215 غیر ملکی شہریوں کو جعلی اسکیمز سے بچایا، جن میں 50 پاکستانی بھی شامل تھے۔ میانمار میں کارروائی کے دوران 38 پاکستانی محفوظ مقامات پر پہنچائے گئے، جبکہ 60 دیگر افراد تصدیق کے لیے انتظار کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق متاثرین اکثر انسانی اسمگلنگ کا شکار ہو کر بڑے پیمانے پر سائبر فراڈ اسکیمز میں شامل ہو جاتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






