بیرون ملک کم کرائے پر جائیں ، پاکستانیوں کیلئے بڑااعلان

پاکستان کی نجی ائیر لائن ائیر سیال نے ابوظہبی سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے ہفتہ وار پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نجی ائیرلائن کے مطابق ابوظہبی سے پاکستان کے دو شہروں کے لیے ہفتہ وار متعدد پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ بڑی خوشخبری ہے، کیونکہ اب وہ ائیر سیال کے ذریعے نسبتاً کم کرایے میں پاکستان کا سفر کر سکیں گے۔ ائیرلائن کی جانب سے ابوظہبی سے لاہور کے لیے ہفتہ وار تین جبکہ اسلام آباد کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں چلائی جائیں گی۔ ابوظہبی سے پاکستان آنے کے لیے ابتدائی کرایہ ایک ہزار درہم مقرر کیا گیا ہے۔

ابوظہبی ایئرپورٹس کے مطابق یہ نئی پروازیں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی اور سماجی تعلقات کی عکاس ہیں۔ ائیر سیال کی پہلی پرواز زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی۔

ابوظہبی ائیرپورٹس کی منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ایلینا سورلینی نے کہا کہ ائیر سیال کا نیا روٹ ابوظہبی کے سفر اور تجارت کے روابط کو مضبوط بنانے کے ویژن کے مطابق ہے۔ ائیر سیال کے چیئرمین فضل جیلانی نے کہا کہ براہِ راست پروازوں کا آغاز علاقائی کنیکٹوٹی بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے، جو پاکستانی کمیونٹی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے آسان رابطہ فراہم کرے گا اور پاکستان و یو اے ای کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close