ملتان میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور طلبہ کو مشکلات سے بچانے کے لیے پولیس نے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ سی پی او صادق ڈوگر اور سی ٹی او کاشف اسلم نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسکول و کالج کے طلباء کو چالان سے بچانے اور ٹریفک شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔
سی پی او صادق ڈوگر کے مطابق طلبہ کو ایک ہفتے کے اندر موٹر سائیکل لائسنس بنوانے اور ہیلمٹ خریدنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ ٹریفک سینٹرز میں شام دیر تک لائسنس کے حصول کا عمل جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ سی ٹی او کاشف اسلم نے بتایا کہ ٹریفک قوانین میں حالیہ ترامیم کے تحت جرمانوں اور سزاؤں میں اضافہ کیا گیا ہے، اس لیے شہریوں کو چاہئے کہ پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک قواعد کی مکمل پابندی کریں۔ پولیس حکام کے مطابق یہ آگاہی مہم نوجوانوں کو محفوظ سفر اور ذمہ دارانہ ٹریفک رویوں کی جانب لانے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کم عمر طلبہ کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتاری روکنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور بیدار کریں، کیونکہ یہ قوانین شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






