وفاقی آئینی عدالت نے اپنے سردیوں کے تعطیلاتی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق عدالت 22 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026 تک بند رہے گی۔ عدالت دوبارہ 5 جنوری 2026 سے سماعتیں شروع کرے گی۔
سرکاری نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران عدالت کے دفاتر کھلے رہیں گے اور اہم یا پہلے سے مقرر شدہ مقدمات کی سماعت جاری رہے گی۔
وفاقی آئینی عدالت 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کی گئی تاکہ پاکستان کے عدالتی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے اور آئینی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ عدالت کا بنیادی مقصد آئین کی تشریح اور آئینی نوعیت کے قانونی تنازعات کو حل کرنا ہے۔
جسٹس امین الدین خان چیف جسٹس ہیں جبکہ جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس کریم خان آغا، جسٹس روزی خان بریچ اور جسٹس ارشد حسین شاہ عدالت کے دیگر ججز ہیں۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے عدالت کے قیام کو پاکستان کے آئینی سفر میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالت آئین کی وضاحت، بنیادی حقوق کے تحفظ اور ریاستی اداروں کے لیے انصاف، استحکام اور توازن کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






