چینی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سامنے آ گئی

کراچی: شوگر ملز ایسوسی ایشن نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات واضح کی ہیں۔

ترجمان ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں اضافہ ایف بی آر پورٹلز کے تاخیر سے کھلنے، چینی کی آزادانہ بین الصوبائی ترسیل پر پابندی، اور چینی کو صرف حکومتی مقرر کردہ ڈیلرز کے ذریعے فروخت کرنے کی وجہ سے ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پورٹلز کی بندش سے مارکیٹ میں مقامی چینی کی سپلائی کم ہوگئی اور عوام نے درآمدی چینی کو ترجیح نہیں دی، جس سے قیمتیں بڑھ گئیں۔

ترجمان نے کہا کہ پنجاب میں ضلعی انتظامیہ نے ملوں کو مجبور کیا کہ وہ صرف حکومتی نامزد ڈیلرز کو چینی فروخت کریں، جس کی وجہ سے مہنگی چینی مارکیٹ میں آئی۔ شوگر انڈسٹری ہمیشہ سے حکومت کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے اور قیمتوں میں اضافے کی ذمہ دار نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرشنگ سیزن ملک بھر کی شوگر ملوں میں شروع ہو چکا ہے، جس سے نئی چینی مارکیٹ میں آنے پر قیمتیں معمول پر آ سکتی ہیں۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چینی کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد غیر آئینی اور غیر قانونی پابندی فوری طور پر ختم کی جائے تاکہ تمام صوبوں میں چینی یکساں قیمت پر دستیاب ہو سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close