فیصل آباد میں وزیر اعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سیاسی مذاکرات کا عندیہ دیا ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر نے فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سیاست نہیں کر رہے، کیونکہ سیاست میں مکالمہ لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص اگر جیل میں بیٹھ کر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرے تو ایسا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے اپنا ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ساڑھے چھ مہینے جیل میں رہے اور اس دوران ان کے اہل خانہ اور دو وکلاء کے علاوہ کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کسی پولنگ اسٹیشن سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کو پورے حلقے میں شکایت کا موقع نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کا دور مریم نواز کی صورت میں واپس آ چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حلقے میں انہوں نے میرٹ کی بنیاد پر سات انتخابات لڑے، جن میں سے پانچ میں وہ کامیاب رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 25 سے 30 فیصد کے درمیان ہوتا ہے اور امید ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






