ضمنی انتخابات، قومی اور صوبائی حلقوں میں پولنگ جاری

قومی اسمبلی کے چھ اور پنجاب اسمبلی کے ساتھ حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ آج اتوار کے روز سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ شروع ہو گئی ہے، جو شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

ضمنی انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز تعینات کی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر فوج کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ فوج کو الیکشن ڈیوٹی کے دوران انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات حاصل ہیں۔

ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کی نشستوں این اے 18 ہری پور، این اے 96 فیصل آباد، این اے 104 فیصل آباد، این اے 143 ساہیوال، این اے 185 ڈیرہ غازی خان اور این اے 129 لاہور پر ہو رہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 73 سرگودھا، پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال، پی پی 269 مظفر گڑھ اور پی پی 87 میانوالی پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 18 ہری پور کے ضمنی انتخابات میں چالیس پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور ایک سو پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا ہے۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر معمول سے زیادہ سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ہری پور کی نشست پر مجموعی طور پر نو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ مجموعی طور پر سات لاکھ تریپن ہزار نو سو چوالیس ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد تین لاکھ بانوے ہزار تین سو انتالیس اور خواتین ووٹرز کی تعداد تین لاکھ اکسٹھ ہزار چھ سو پانچ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close