سیاسی جماعت کو زوردار دھچکا ،11 رہنماؤں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) اور نیشنل پارٹی کے 11 رہنماؤں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیپلز پارٹی کے رہنما آغا شکیل احمد درانی کی قیادت میں خضدار کے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والی شخصیات کو مبارکباد دی اور کہا کہ پارٹی میں باصلاحیت افراد کی شمولیت بلوچستان کی سیاسی فضا میں مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور صوبے کی ترقی کے لیے پیش پیش رہی ہے، اور بلوچستان کے تمام اضلاع میں پارٹی کا مضبوط ہونا صوبے کے سیاسی استحکام کی ضمانت ہے۔ خضدار سے شامل ہونے والے نئے عمائدین کی شمولیت سے پاکستان پیپلز پارٹی مزید فعال اور منظم ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ صوبے میں ترقی، امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور پارٹی اور حکومت کا مقصد صرف عوام کی خدمت ہے تاکہ ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ بلوچستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close