نجی اسکولوں کے خلاف بڑا اقدام

اسلام آباد: مسابقتی کمیشن نے مہنگی لوگو والی کتابیں اور یونیفارمز فروخت کرنے پر ملک کے 17 بڑے نجی اسکول سسٹمز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

جیو نیوز کے مطابق کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ اسکول طلبہ کو مخصوص لوگو والی نوٹ بکس اور یونیفارمز خریدنے پر مجبور کرتے ہیں، جبکہ یہ کاپیاں عام مارکیٹ کے مقابلے میں 280 فیصد تک زیادہ قیمت پر دستیاب ہوتی ہیں۔ والدین کو سستے متبادل خریدنے کی اجازت نہیں ملتی، جس کے باعث وہ ’یرغمال صارفین‘ بن جاتے ہیں۔ یہ عمل کمپٹیشن ایکٹ کی واضح خلاف ورزی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ نجی اسکول سسٹمز ملک بھر میں ہزاروں کیمپس چلاتے ہیں، اور لاکھوں طلبہ و والدین ان غیر منصفانہ پالیسیوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ نئے داخلے کے اخراجات اور سفری مسائل کے باعث والدین کے لیے بچوں کا اسکول تبدیل کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ کمیشن کے مطابق ان پالیسیوں کے نتیجے میں ہزاروں چھوٹے اسٹیشنری اور یونیفارم فروش کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ مسابقتی کمیشن نے تمام متعلقہ اسکول سسٹمز کو 14 دن میں تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی ثابت ہونے پر ان پر ساڑھے 7 کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close