آئینی عدالت، شہری حقوق کی محافظ، جسٹس امین الدین خان کا پہلا اہم پیغام

وفاقی آئینی عدالت پاکستان کے چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان نے عدالت کے قیام کے بعد اپنا پہلا باضابطہ پیغام جاری کردیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ بنیادی حقوق کا تحفظ آئینی عدالت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عدالت کو نہایت اہم، نازک اور مقدس فریضہ سونپا گیا ہے، اور آئین کی تشریح ہمیشہ شفافیت، آزادی اور دیانتداری کے ساتھ کی جائے گی۔

چیف جسٹس امین الدین خان کا کہنا تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام قومی آئینی تاریخ میں ایک سنگِ میل ہے، جو قانون کی حکمرانی اور آئین پاکستان کے دیرپا وعدوں سے ہماری اجتماعی وابستگی کی تجدید کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عدالت کے سامنے پیش ہونے والے ہر معاملے کو آئین کی بالادستی، انصاف کے تقاضوں اور عدالتی وقار کے ساتھ انتہائی احتیاط اور منصفانہ طریقے سے نمٹایا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ ایک مقدس امانت ہے جو شہریوں کی زندگیوں، آزادیوں اور مستقبل پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے۔

چیف جسٹس نے امید ظاہر کی کہ عدالت ایسی مضبوط عدالتی روایت قائم کرے گی جو مدلل فیصلوں، ادارہ جاتی وقار اور عوامی اعتماد کی بنیاد پر استوار ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ وفاقی آئینی عدالت پاکستان میں آئینی بالادستی کی حقیقی محافظ اور آنے والی نسلوں کے لیے عدل و انصاف کی مضبوط علامت بن کر اپنا کردار ادا کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close