سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 خوارج ہلاک

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی تین مختلف کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی یافتہ سات خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مہمند میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس پر مبنی آپریشن کیا گیا، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خوارج مارے گئے۔

لکی مروت میں ہونے والے ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں دو خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ ٹانک میں تیسری جھڑپ میں ایک اور خارجی کو کامیابی سے ہلاک کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلئیرنس آپریشن بھی کیے، اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں عزمِ استحکام وژن کے تحت جاری ہیں۔

اس سے قبل ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 23 دہشت گرد ہلاک کیے تھے۔ 19 نومبر کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات پر کرم میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 12 دہشت گرد مارے گئے۔ بعد ازاں، خوارج کے ایک اور گروہ کی موجودگی کی اطلاع پر دوسرا آپریشن کیا گیا جس میں مزید 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close