دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع

لاہور: پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 کی پابندی میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی ہے، جس کا اطلاق اب 22 نومبر تک رہے گا۔ اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ پنجاب نے جاری کیا۔

نوٹیفکیشن کے تحت صوبے بھر میں احتجاجی مظاہروں، جلسے جلوس، دھرنوں، ریلیوں اور بڑی عوامی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ عوامی مقامات پر چار یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ ترجمان کے مطابق صوبے میں اسلحے کی نمائش، اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم، اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر سخت پابندی عائد رہے گی۔ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبے تک محدود ہوں گے۔

محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، امن عامہ کی بحالی اور ممکنہ دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر لیے گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ احتجاجی اجتماعات دہشتگردوں کے لیے آسان ہدف بن سکتے ہیں اور شرپسند عناصر عوامی ہجوم کا فائدہ اٹھا کر تخریبی کارروائیاں کرسکتے ہیں۔ پابندی کا اطلاق شادی بیاہ، جنازوں اور تدفین جیسی نجی تقریبات پر نہیں ہوگا، جبکہ سرکاری فرائض سرانجام دینے والے ملازمین اور عدالتیں بھی اس حکم سے مستثنیٰ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close