کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ہوٹلز اور چائے خانوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں، جن کا مقصد سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات روکنا اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔
نئے ایس او پیز کے مطابق سڑکوں کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا، اور کسی بھی جگہ پر 100 فٹ سے زیادہ رقبہ گھیرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جگہ کے تعین کا فیصلہ مختیار کار کی رپورٹ، ٹریفک پولیس کی تصدیق اور ٹاؤن افسر کی سفارش کی بنیاد پر ہوگا۔
ہوٹلز اور چائے خانوں کو جگہ کے استعمال کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر این او سی جاری کرے گا، جبکہ مقصد یہ ہے کہ فٹ پاتھ اور سڑکیں راہ گیروں اور ٹریفک کے لیے رکاوٹ نہ بنیں۔
ادھر سیل کیے گئے ہوٹلز اور چائے خانوں کو ڈی سیل کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ مالکان کی جانب سے حلف نامے جمع کرانے کے بعد ایڈیشنل کمشنر کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے انہیں کھولنے کی اجازت دی۔ ہوٹلز ایسوسی ایشن اور مالکان نے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی تحریری یقین دہانی کروا دی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کمشنر کراچی نے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گرین بیلٹس پر قائم تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا، جس کے دوران 38 چائے خانے اور ہوٹلز سیل کر دیے گئے تھے اور ضبط شدہ سامان قانونی کارروائی کے بغیر واپس نہ کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






