آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے حکومت پنجاب نے خوشخبری سنا دی ہے۔
وزیرِ صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین کی زیرِ صدارت اجلاس میں پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ترقیاتی منصوبوں اور فنانسنگ اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ کی آسان کاروبار فنانس اسکیم کے دوسرے مرحلے پر پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن نے ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکیم کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔
چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ آسان کاروبار فنانس اسکیم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نئے مرحلے میں 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت ایس ایم ایز کو 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضہ مل سکے گا۔
حکام کے مطابق دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 90 ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری کیے جائیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور ایس ایم ای سیکٹر کی مضبوطی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






