اسلام آباد: نادرا نے شادی شدہ شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی ازدواجی حیثیت اپ ڈیٹ نہ کرائی تو مستقبل میں قانونی مسائل پیش آ سکتے ہیں۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کئی شہریوں نے اپنی شادی کا اندراج یونین کونسل میں تو کرایا ہوا ہے، مگر نادرا کے ریکارڈ میں ان کی ازدواجی حیثیت تاحال تبدیل نہیں کی گئی۔ اس سے شناختی دستاویزات میں تضادات پیدا ہوسکتے ہیں جو قانونی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتے ہیں۔
ترجمان نادرا کے مطابق شہری قریبی نادرا سینٹر جا کر اپنی ازدواجی حیثیت کو اپ ڈیٹ کرا سکتے ہیں۔ یہ اقدام اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت شہریوں کا ڈیٹا زیادہ درست اور جدید بنایا جا رہا ہے۔
نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک ایس ایم ایس سروس بھی متعارف کرائی ہے تاکہ شادی شدہ افراد کو بروقت آگاہ کیا جا سکے۔ مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے شہری نادرا ہیلپ لائن 1777 (موبائل صارفین کے لیے) یا 051-111-786-100 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ تفصیلات نادرا کی ویب سائٹ [www.nadra.gov.pk](http://www.nadra.gov.pk) پر بھی دستیاب ہیں۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ پر ازدواجی حیثیت اپ ڈیٹ کروانے کی فیس 100 روپے ہے، اور اس کے لیے نکاح نامہ یا شادی کا سرٹیفکیٹ فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






