اسلام آباد دھماکہ: حملہ آور کا راز فاش، حکومت کسی کو معاف نہیں کرے گی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کے حوالے سے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ملوث عناصر کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا اور کوئی بھی فرد، چاہے وہ کسی دوسرے ملک سے تعلق رکھتا ہو، معاف نہیں کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ حملہ آج 12:39 بجے ہوا، جس میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے۔ خودکش حملہ آور تقریباً 10 سے 15 منٹ علاقے میں موجود رہا اور اندر داخل ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، لیکن جیسے ہی پولیس کی گاڑی پہنچی، حملہ کر دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ حملہ آور افغانستان میں اپنے ہینڈلر سے رابطے میں تھے اور شواہد سے واضح ہوا ہے کہ دہشت گردوں کو وہاں تربیت دی جا رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وانا میں بھی کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور آج کے حملے میں کئی اہم شواہد سامنے آئیں گے۔

وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ آئندہ دو ہفتوں میں بغیر ٹیگ والی کسی بھی گاڑی کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور پہلی ترجیح خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگی۔ کچہری حملے میں ملوث دیگر عناصر کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جی-11 کچہری کے باہر بھارتی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی گروہ “فتنہ الخوارج” نے خودکش حملہ کر کے 12 افراد کو شہید اور 27 کو زخمی کیا، اور مبینہ خودکش حملہ آور کا سر دھماکے کی جگہ سے برآمد ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close