پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مقدمات میں حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے ان کی گرفتاری سے روک دیا۔
جسٹس ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اسد قیصر کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کی بحالی کی استدعا کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران اسد قیصر کے وکیل محمد آصف بابر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل اسلام آباد میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکے، لہٰذا ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست بحال کرتے ہوئے اسد قیصر کو حفاظتی ضمانت دے دی اور وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے حکم دیا کہ رپورٹ موصول ہونے تک اسد قیصر کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






