بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک خوفناک ٹرین حادثے میں کم از کم چھ افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ حادثہ بلاس پور اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جب ایک میمو مسافر ٹرین کا کوچ مال گاڑی سے ٹکرا کر اس کے اوپر چڑھ گیا۔ واقعہ منگل کی سہ پہر تقریباً چار بجے پیش آیا۔
ریلوے حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سینئر ریلوے افسران موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
جنوب مشرقی سنٹرل ریلوے کے مطابق حادثے کے فوراً بعد بچاؤ اور بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
حادثے کے باعث علاقے میں ٹرینوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی، اوور ہیڈ وائرز اور سگنل سسٹم کو نقصان پہنچنے سے کئی ٹرینیں منسوخ یا متبادل راستوں پر موڑ دی گئی ہیں۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری اطلاعات پر بھروسہ کریں۔
ریلوے حکام نے متاثرہ مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کر دیے ہیں تاکہ وہ فوری مدد حاصل کر سکیں۔
چھتیس گڑھ بھارت کے وسطی مشرقی حصے میں واقع ریاست ہے، جس کی سرحدیں اتر پردیش، جھارکھنڈ، اڈیشہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش سے ملتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






