گوگل نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ ہیکرز کی جانب سے موبائل فونز پر بڑے پیمانے پر اسپیم میسجز بھیجے جا رہے ہیں، جن کا مقصد صارفین کو دھوکہ دے کر ان سے ذاتی معلومات یا رقم حاصل کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ حملے آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں صارفین پر کیے جا رہے ہیں، اور امریکہ و یورپ میں روزانہ لاکھوں اسپیم پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔ گوگل کا کہنا ہے کہ صارفین کو ایسے مشکوک پیغامات سے محتاط رہنے اور کسی نامعلوم لنک پر کلک نہ کرنے کی ضرورت ہے۔
گوگل کے مطابق اینڈرائیڈ سیکیورٹی سسٹم ہر ماہ ایک ارب سے زیادہ اسپیم کالز اور پیغامات کو بلاک کرتا ہے، جبکہ آئی فونز میں iOS 26 کے نئے فلٹرز کے باوجود دھوکہ دہی کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔
فوربز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ اسپیم پیغامات عام طور پر فریب دینے والے جملوں پر مشتمل ہوتے ہیں جیسے “آپ کا ٹول بغیر ادائیگی کے کٹ گیا”، “آپ کا پیکج نہیں پہنچا” یا “فوری ریفنڈ حاصل کریں”۔ ان پیغامات میں موجود لنکس پر کلک کرنے سے صارفین کا ذاتی ڈیٹا چوری ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ان میں سے اکثر اسپیم چین کے جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے بھیجے جاتے ہیں، جو غیر ملکی سم کارڈز کے ذریعے سیکیورٹی فلٹرز کو بائی پاس کرتے ہیں۔
گوگل نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پکسل فونز سب سے زیادہ محفوظ ہیں، جبکہ سام سنگ اور دیگر اینڈرائیڈ ڈیوائسز نسبتاً کم محفوظ ہیں۔ آئی فونز مجموعی طور پر بہتر سیکیورٹی فراہم کرتے ہیں، تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایپل کے تازہ ترین اپ ڈیٹ کے بعد صورتحال میں بہتری متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






