اسلام آباد؛ سپریم کورٹ میں دھماکا ،بڑا نقصان

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے کیفے ٹیریا میں اے سی پلانٹ کے دھماکے سے 12 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ عمارت کے متاثرہ حصے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے کیفے ٹیریا میں اے سی پلانٹ میں اچانک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

پولیس کے مطابق دھماکا اے سی پلانٹ کی مرمت کے دوران پیش آیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان میں سے بیشتر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے بعد عمارت کے متاثرہ حصے کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا گیا ہے، جب کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

آئی جی اسلام آباد نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تین روز سے سپریم کورٹ کی بیسمنٹ سے گیس لیکج کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ ان کے مطابق دھماکے میں 12 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 3 پمز اسپتال اور 9 پولی کلینک میں زیر علاج ہیں۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

آئی جی نے مزید کہا کہ ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا اے سی پلانٹ میں ہوا۔ زیادہ تر زخمی اے سی ٹیکنیشنز ہیں، جن میں ایک ٹیکنیشن 80 فیصد جھلس چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close