سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنیوالوں کی شامت آگئی

اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ ایف بی آر نے ایسے افراد کی فہرستیں تیار کر لی ہیں اور ان کے اخراجات، بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ کارڈز اور اے ٹی ایم لین دین کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی سوشل میڈیا لائف اسٹائل مانیٹرنگ ٹیم نے شہریوں کی آن لائن سرگرمیوں، پوسٹس اور ویڈیوز کا تجزیہ کرکے مالیاتی معلومات اکٹھی کی ہیں۔ مہنگی گاڑیوں، کشتیوں، بنگلوں، فارم ہاؤسز اور دیگر قیمتی اثاثوں کی نمائش کرنے والے مگر ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے افراد ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ مہنگے کپڑوں، زیورات، گھڑیوں یا تقریبات میں نوٹ نچھاور کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر نے نادرا کی مدد سے ان افراد کی شناخت مکمل کر لی ہے اور ان کی مالی سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بیرون ملک پرتعیش سفر، مہنگے ہوٹلوں کے کھانوں اور دولت کی نمائش کرنے والے افراد کے ٹیکس گوشوارے بھی جانچ پڑتال میں شامل ہیں۔ ابتدائی فہرست میں وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی دولت کا اظہار کیا مگر انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ شواہد کی بنیاد پر کارروائی ہوگی اور غیر ظاہر شدہ آمدنی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close