طلباء کے لیے سنہری موقع، اسکالرشپ پروگرام کا آغاز

روسی حکومت نے پاکستانی طلباء کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولتے ہوئے ایک نیا اسکالرشپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستانی طلباء روس کی معروف یونیورسٹیوں میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کے حصول کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کے ترجمان ایگور کولیسنیکوف کے مطابق، پاکستان میں رشیئن سینٹر فار سائنس اینڈ کلچر ہی وہ واحد ادارہ ہے جو اس اسکالرشپ کے تحت امیدواروں کو نامزد کرنے کا مجاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسکالرشپ ڈگری کی مکمل مدت پر محیط ہے اور اس میں ماہانہ وظیفہ بھی شامل ہے۔ طلباء کو داخلہ اور ٹیوشن فیس ادا نہیں کرنی ہوگی، البتہ سفر اور روزمرہ اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے۔

اس پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026ء مقرر کی گئی ہے۔ خواہشمند امیدوار روسی فیڈریشن کے سرکاری تعلیمی پورٹل پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، جہاں وہ اپنے پسندیدہ مضمون اور ڈگری کا انتخاب کر کے مطلوبہ تعلیمی دستاویزات جمع کرائیں گے۔ منتخب امیدواروں کو بعد ازاں میڈیکل اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے ساتھ ان کے روسی زبان میں مصدقہ ترجمے بھی فراہم کرنا ہوں گے۔ انتخاب کا عمل امیدوار کی تعلیمی قابلیت اور تصدیقی محکموں کی جانچ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close