پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع آفتاب شعبان میرانی انتقال کر گئے۔ وہ چند روز سے کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی نماز جنازہ آج رات دس بجے مسجد بیت الاسلام، ڈیفنس فیز فور میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین گزری قبرستان میں ہوگی۔
آفتاب شعبان میرانی کا تعلق شکارپور، سندھ سے تھا۔ وہ 25 فروری 1990 سے 6 اگست 1990 تک سندھ کے وزیر اعلیٰ اور بعد ازاں وفاقی وزیر دفاع کے عہدے پر فائز رہے۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک مخلص اور وفادار رہنما سمجھے جاتے تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ آفتاب میرانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔ انہوں نے مرحوم کی جمہوریت، وفاق اور عوامی خدمت کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر دے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کا اثاثہ اور ایک باوقار، شریف النفس شخصیت تھے جنہیں بھٹو خاندان کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل رہا۔ مراد علی شاہ نے مرحوم کے اہل خانہ اور پارٹی کارکنان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






