پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے خوشخبری ہے کہ ان کی پنشن کی رقم جلد ادا کی جائے گی۔ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی نے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
جی ایم پی آئی اے ہولڈنگ شاہد رضا کے مطابق سی ای او پی آئی اے ہولڈنگ اسد رسول کی ہدایت پر 13 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فنڈز کی کمی کے باعث اس بار پنشن کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی تھی، تاہم اب پی آئی اے سی ایل انتظامیہ کو فوری طور پر ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی ادائیگی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
شاہد رضا نے مزید کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ آئندہ ماہ سے پنشن کی ادائیگی بروقت یقینی بنائی جائے تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






