اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں اور زرعی شعبے کے لیے رعایتی بجلی پیکج کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم سے صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین اور کاروباری رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملکی معیشت کی بحالی اور پیداواری لاگت میں کمی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئندہ تین سال تک صنعتوں اور کسانوں کو سال بھر اضافی بجلی 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کے رعایتی نرخ پر فراہم کرے گی۔ یہ سہولت نومبر 2025 سے اکتوبر 2028 تک جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتی صارفین کو 34 روپے اور زرعی صارفین کو 38 روپے فی یونٹ پر ملنے والی بجلی کی قیمت میں کمی کی جائے گی تاکہ وہ اضافی یونٹس کم نرخوں پر حاصل کر سکیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ “روشن معیشت بجلی پیکج” کا بوجھ نہ تو گھریلو صارفین پر پڑے گا اور نہ ہی کسی دوسرے شعبے پر۔ شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ سال سردیوں میں متعارف کرائے گئے پیکج کے تحت صنعتوں اور زراعت نے 410 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال کی، جس کے نتیجے میں پیداوار بڑھی، برآمدات میں اضافہ ہوا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صنعتی و زرعی شعبے مضبوط ہوں گے تو ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نجات مل سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں