“عدالت کا سخت نوٹس، علیمہ خان کی عدم گرفتاری پر پولیس کو کٹہرے میں بُلا لیا گیا”

راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم کی گرفتاری میں ناکامی پر پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا۔ عدالت نے ایس پی اور ڈی ایس پی راولپنڈی کو توہینِ عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے علیمہ خانم کے روپوش ہونے کی “بوگس” رپورٹ جمع کرائی، حالانکہ وہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتی نظر آئیں۔ عدالت نے کہا کہ پولیس نے جھوٹی رپورٹ دے کر عدالت کو گمراہ کیا، جو سنگین خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے علیمہ خانم کے ضامن کے ایک لاکھ روپے کے مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا، جبکہ مقدمے سے منسلک گاڑیوں کے 8.5 ملین روپے کے شورٹی بانڈز بھی ضبط کر لیے۔ متعلقہ ضامنین کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے۔

مزید برآں، عدالت نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے آئی جیز کو ہدایت دی کہ وہ چار گاڑیاں ضبط کر کے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کریں۔ یاد رہے کہ 26 نومبر کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں عدالت علیمہ خانم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری چار مرتبہ جاری کر چکی ہے، مگر اب تک ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close