کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کی کوثر نیازی کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک باپ نے مالی مشکلات سے تنگ آکر اپنی دو کمسن بیٹیوں کے گلے کاٹ دیے۔
پولیس کے مطابق ملزم اکبر ولد عبدالستار کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اور اس کے قبضے سے آلۂ قتل بھی برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم شدید مالی دباؤ اور قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا۔ وہ مختلف کمیٹیوں کے واجبات ادا نہ کر سکا کیونکہ کافی عرصے سے بےروزگار تھا۔ مقتول بچیوں کی شناخت 10 سالہ زینب اور 11 سالہ عالیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی کل پانچ بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
ایس ایچ او حیدری مارکیٹ، عدیل احمد نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صبح تقریباً سات بجے واقعے کی اطلاع ملی، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ ان کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں اقرار کیا ہے کہ بیروزگاری اور مالی تنگی سے تنگ آکر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں