اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو جعلی فون کالز، مشکوک ویب لنکس اور دھوکہ دہی پر مبنی پیغامات سے محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
پی ٹی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو اپنی آن لائن شناخت، ذاتی معلومات اور مالی تفصیلات کے تحفظ کے لیے ہوشیار رہنا چاہیے۔
ترجمان کے مطابق فراڈیے مختلف طریقوں سے صارفین کو دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں، جن میں انعامی رقم کا جھانسہ دے کر مشکوک لنکس پر کلک کروانا اور بینک سے متعلق حساس معلومات حاصل کرنا شامل ہے۔ ان معلومات کے ذریعے صارفین کو مالی نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی مشتبہ پیغام، فون کال یا ویب لنک کو فوری طور پر پی ٹی اے سی ایم ایس (CMS) موبائل ایپ پر رپورٹ کریں تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی نامعلوم ذریعے سے موصول ہونے والے کال یا میسج کا جواب دینے سے قبل تصدیق ضرور کریں، اور کبھی بھی اپنی بینک کی تفصیلات، OTP کوڈز، یا پاس ورڈز کسی غیر مصدقہ ذریعے سے شیئر نہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں