اسلامی نظریاتی کونسل نے ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی اور عوام پر زیادتی کے مترادف قرار دے دیا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی یہ شکل اسلامی اصولوں سے متصادم ہے۔
کونسل کا اجلاس چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے 11 ستمبر کے اس فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا جس میں نکاح کے بعد رخصتی سے قبل طلاق کی صورت میں نان نفقہ کی ادائیگی لازم قرار دی گئی تھی۔ کونسل کے مطابق یہ فیصلہ قرآن و سنت کے صریح خلاف ہے۔
انسانی دودھ کے بینک سے متعلق رائے
اجلاس میں انسانی دودھ ذخیرہ کرنے کے اداروں (Milk Banks) کے قیام پر بھی بات ہوئی۔ کونسل نے کہا کہ مخصوص شرائط کے تحت ایسے ادارے قائم کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس سے قبل ضروری قانون سازی کی جائے اور اس عمل میں اسلامی نظریاتی کونسل کو شامل کیا جائے۔
دیت کے قانون میں ترامیم کی مخالفت
اسلامی نظریاتی کونسل نے دیت کے قانون میں مجوزہ ترامیم کی بھی مخالفت کی۔ کونسل کے مطابق نئے بل میں چاندی کو حذف کر کے سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنایا گیا ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔ کونسل نے مؤقف اختیار کیا کہ سونا، چاندی اور اونٹ سے متعلق شرعی مقداریں قانون کا حصہ رہنی چاہئیں۔
شوگر کے مریضوں کے لیے انسولین کی اجازت
کونسل نے شوگر کے مریضوں کے لیے حلال اجزاء سے تیار کردہ انسولین کے استعمال کی اجازت بھی دے دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں