بی آئی ایس پی صارفین کو رقم نکلوانے پر کتنے بینک چارجز کی ادائیگی کرنا ہوگی؟جانئے

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین کے لیے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تخفیفِ غربت کے اجلاس میں بتایا گیا کہ بی آئی ایس پی صارفین کے لیے ایک کروڑ بینک اکاؤنٹس کھولنے کا ہدف مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ اکاؤنٹس فی الحال غیر فعال ہیں، تاہم ادائیگیوں کے دوران یہ مرحلہ وار فعال ہوتے جائیں گے۔

اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر نے اجلاس میں بتایا کہ بی آئی ایس پی صارفین اب کسی بھی بینک سے اپنی رقوم نکال سکیں گے، اور یہ اکاؤنٹس مکمل طور پر عام بینک اکاؤنٹس جیسی سہولیات فراہم کریں گے، جیسے کہ رقم جمع کرانا، ترسیلات وصول کرنا، وغیرہ۔

تاہم ان سہولیات کے ساتھ صارفین کو رقم نکلوانے پر 100 سے 200 روپے کے درمیان بینک چارجز ادا کرنا ہوں گے۔ حکام نے وضاحت کی کہ اس عمل میں کسی ایجنٹ کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔

اجلاس میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ خواتین صارفین کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیاں ایک بڑا چیلنج ہیں، لیکن اس پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بی آئی ایس پی اس وقت 6 مختلف بینکوں کے ساتھ کام کر رہا ہے اور انہیں ون لنک پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سیکریٹری بی آئی ایس پی کے مطابق، وزیراعظم کی ہدایت پر چار ماہ میں ایک کروڑ بینک اکاؤنٹس کھولنے کا ہدف مکمل کیا گیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کا عمل آئندہ 6 ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close