پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 17 سینیٹرز نے پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں سے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر علی ظفر نے تمام استعفوں کی جانچ پڑتال مکمل کرنے کے بعد انہیں سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر یہ فیصلہ کیا گیا، اور جتنے استعفے دستیاب تھے وہ فوری جمع کرا دیے گئے، باقی بعد میں دیے جائیں گے۔
سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ کمیٹیوں کے اجلاس ہمارے بغیر بھی چل سکتے ہیں، ہم یہ استعفے احتجاج کے طور پر دے رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں سینیٹر اعظم خان سواتی، علی ظفر، دوست محمد، اور ذیشان خانزادہ نے بھی کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اعظم سواتی نے پارٹی کی ہدایت پر سینیٹ کی پانچ مختلف کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام موجودہ پارلیمانی نظام کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفے پارلیمانی لیڈر علی ظفر کے ذریعے چیئرمین سینیٹ کو بھیج دیے۔
سینیٹر علی ظفر نے اطلاعات و نشریات کمیٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیا، جبکہ سینیٹر ذیشان خانزادہ نے قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں کی چیئرمین شپ کے علاوہ خارجہ امور، خزانہ، تجارت اور نجکاری کی کمیٹیوں کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں