اساتذہ خبردار!سخت سزاؤں کا اعلان

اسکولوں میں طلبہ کو جسمانی سزا دینے والے اساتذہ کے لیے سخت وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ وفاقی نظامت تعلیمات نے واضح کر دیا ہے کہ اب تشدد یا جسمانی سزا جیسے اقدامات پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بعض اسکولوں میں اساتذہ کی جانب سے ہوم ورک نہ کرنے، شرارتوں یا ٹیسٹ میں ناکامی پر طلبہ کو ہاتھ یا چھڑی سے مارنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس پر حکام نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

وفاقی مراسلہ جاری

وفاقی نظامت تعلیمات نے اس حوالے سے باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں اور مدارس کے سربراہان کو اس کی کاپیاں ارسال کر دی ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ:

  • لڑکوں کے اسکولوں میں طلبہ پر جسمانی سزا کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

  • سرکاری و نجی اسکول، مدارس، اور چائلڈ کیئر ادارے سب اس پابندی کے دائرے میں آتے ہیں۔

  • ہر ادارے میں فوری طور پر ایکشن کمیٹی قائم کی جائے۔

  • خلاف ورزی پر متعلقہ اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

ماضی کے افسوسناک واقعات

واضح رہے کہ ملک بھر میں مختلف اوقات میں اساتذہ کے ہاتھوں طلبہ پر تشدد کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہی ہیں۔ بعض کیسز میں طلبہ جسمانی معذوری کا شکار ہوئے، جب کہ چند جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے تربیت گاہ ہیں، نہ کہ سزاگاہیں، اور بچوں پر کسی بھی قسم کا تشدد اب کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close