اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد ملک میں کلائمٹ اور ایگریکلچر ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور پنجاب میں سیلاب اور بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، ایک ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ پانی اب سندھ کی وادی میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ نقصانات کم سے کم ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کا عمل تیز ہو سکے۔ اس سلسلے میں انہوں نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا، جس میں وفاقی وزرا، سیکریٹریز، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور وزرائے اعلیٰ شامل ہوں گے۔ شہباز شریف نے واضح کیا کہ نقصانات کا ازالہ صرف وفاق کی نہیں بلکہ صوبوں کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور تمام فریقوں کو مل کر متفقہ حکمت عملی بنانی ہوگی تاکہ متاثرین کی بحالی جلد از جلد ممکن ہو سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں