اڈیالہ جیل کے باہر انڈہ حملہ، طلال چوہدری کا پی ٹی آئی پر طنز

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے جمعے کے روز اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہی حرکتیں ہیں جو پی ٹی آئی نے اپنے کارکنوں کو سکھائیں، اور اب وہ خود ان کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈے، جوتے اور سیاہی پھینکنے کی روایت کس نے ڈالی؟ آج وہی لوگ اس کا شکار بن گئے ہیں۔ طلال چوہدری نے مزید بتایا کہ انڈہ پھینکنے والی خواتین خیبر پختونخوا سے آئی تھیں اور پولیس کو اب تک ان کے خلاف کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، اس لیے کارروائی بھی رکی ہوئی ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایسی چھوٹی حرکتیں کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اچانک دو انڈے ان پر پھینکے گئے، جن میں سے ایک انڈہ ان کو لگا، جس کے بعد پارٹی کارکنان نے شور مچایا اور پولیس نے دو خواتین کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ان خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close