بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) اجلاس کی کامیاب میزبانی پر چین کو مبارکباد دی اور چین کے ترقیاتی ماڈل سے سیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان جلد چینی کیپیٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرے گا، جبکہ سی پیک کے اہم منصوبے ایم ایل-1، قراقرم ہائی وے کی ری الائمنٹ اور گوادر پورٹ پر عملدرآمد کو ترجیح دی جائے گی۔ سی پیک فیز 2 کے تحت پانچ نئے اکنامک کوریڈورز پر تیزی سے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس میں 800 سے زائد چینی و پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی، جن میں زراعت، معدنیات، صنعت، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی کو ترجیحی سرمایہ کاری کے شعبے قرار دیا گیا۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کے عالمی ترقیاتی، سلامتی اور تہذیبی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ 2024–29 کے جوائنٹ ایکشن پلان پر دستخط کو اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔
دونوں وزرائے اعظم نے سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی، میڈیا اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور آئندہ سال پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ شایانِ شان طریقے سے منانے کا اعلان بھی کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں