سوشل میڈیا پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا ایک جعلی نوٹیفکیشن وائرل ہو رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی صارف ایک ہی موبائل فون پر ایک ماہ کے دوران پانچ سے زیادہ سمز استعمال کرے گا تو اس کا موبائل فون بلاک کر دیا جائے گا۔
پی ٹی اے نے اس دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ جعلی نوٹیفکیشن میں پی ٹی اے کے لوگو کا بھی غلط استعمال کیا گیا ہے اور صارفین کو بلا وجہ وارننگ دی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے وضاحت کی ہے کہ اتھارٹی نے اس نوعیت کی کوئی ایڈوائزری یا پالیسی جاری نہیں کی۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وہ صرف آئی ایم ای آئی کی ڈپلیکیشن اور کلوننگ کی نگرانی کرتا ہے، جس کے تحت مشتبہ ڈیوائسز کو بلاک کیا جاتا ہے، ایف آئی اے کے ساتھ مل کر چھاپے مارے جاتے ہیں، اور عوامی آگاہی مہمات چلائی جاتی ہیں۔
پی ٹی اے کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی اس وائرل پیغام کو جعلی اور غلط قرار دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے کے مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں