میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کے لیے الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کا اعلان کیا ہے، پہلے مرحلے میں بیس بائیکس ڈسپیچ رائیڈرز اور خواتین ملازمین کو دی جائیں گی۔
ان بائیکس کی قیمت دو لاکھ چالیس ہزار روپے تھی لیکن دو لاکھ پندرہ ہزار روپے میں خریدی گئی ہیں، جنہیں کے ایم سی ورکرز میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد اخراجات میں کمی، ماحول دوست ٹیکنالوجی کا فروغ اور بجلی پر منتقلی ہے، جس کے لیے کے ایم سی عمارت میں چارجنگ اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی مزید اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے اور کے ایم سی مکمل طور پر سولر انرجی پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بارشوں کے پیش نظر انتظامات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے لیے مشینری تیار ہے اور شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران احتیاط برتیں تاکہ سڑکیں بند نہ ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں