آبی ذخائر کی تعمیر سے متعلق وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آبی ذخائر کی تعمیر کے لیے جامع حکمتِ عملی پر کام شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں جلد اہم اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسی تیار کی جارہی ہے، جس کا ورکنگ پیپر تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ ہنگامی صورتحال کے خاتمے کے بعد وزیراعظم اعلیٰ سطح اجلاس بلائیں گے جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت سمیت متعلقہ اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبی ذخائر کی تعمیر قومی مفاد کا منصوبہ ہے جو تمام صوبوں کی مشاورت اور مکمل ہم آہنگی سے پایۂ تکمیل کو پہنچے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے اور اس کے نقصانات سے بچنے کے لیے پیشگی تیاری ناگزیر ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وفاق، صوبے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سب کو مل کر ایک پلیٹ فارم پر کام کرنا ہوگا تاکہ عوام کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچایا جاسکے، کیونکہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے اور اس پر مشترکہ کوششیں ہی کامیابی کا راستہ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close