پی ٹی آئی کا ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں اعلان کیا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 میں ضمنی انتخاب میں حصہ لیا جائے گا۔ یہ نشست میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، جس پر پارٹی نے امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سیاسی کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور آئندہ کے سیاسی معاملات کو بھی کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے۔ سیاسی کمیٹی نے توشہ خانہ ٹرائل کی اڈیالہ جیل میں روزانہ سماعت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے ملزمان کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ 9 مئی کے مقدمات میں نااہل قرار دیے گئے ارکان کو پی ٹی آئی اپنا حقیقی نمائندہ سمجھتی ہے اور ان ناحق سزائیں پانے والے اراکین کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ تاہم، نااہل ارکان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے تحت پارٹی نے قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے، جب کہ ارکان اسمبلی کو اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی فوری استعفے دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب، گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ خان نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح طور پر کہا تھا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہیے، کیونکہ اس سے پارٹی کو نقصان ہوگا اور ناجائز نااہلیوں کو جواز ملے گا۔ ان کے مطابق عمران خان نے کہا تھا کہ یہ انتخابات ہمیں جتانے نہیں دیں گے بلکہ مرضی کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے، اس لیے پارٹی کو تحریک پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close