شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شدید بارشوں کا الرٹ کردیا ، جس میں شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق این ای او سی نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں پنجاب اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور قصور میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد کے اضلاع میں بھی شدید بارش متوقع ہے جبکہ ننکانہ صاحب، چونیاں اور پاکپتن میں بھی موسلا دھار بارشیں ہو سکتی ہیں، جس کے باعث شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔ نیلم ویلی، باغ، کوٹلی، راولا کوٹ، مظفرآباد اور حویلی میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔

این ای او سی نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پہلے ہی الرٹ جاری کیا اور ستلج کے قریبی علاقوں سے بڑے پیمانے پر انخلاء کا عمل شروع کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close