بڑی کارروائی ، 47 دہشتگرد مارے گئے

سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 47 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 7 سے 9 اگست کے درمیان فتنہ الخوارج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 47 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ ان میں زیادہ تر دہشت گرد افغان تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی بڑی تشکیل سمبازا بلوچستان میں سرحد کو پار کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ مارے گئے زیادہ تر دہشتگردوں کی لاشیں افغانستان میں موجود ہیں۔

مارے جانے کے 15 دن بعد بھی افغانستان سے دہشت گردوں کی لاشیں اٹھانے کوئی نہ آیا اور ان کی لاشیں افغانستان سائیڈ پر گلتی سڑتی رہیں اور گوشت خور جانور ان کی لاشوں سے اپنی بھوک مٹاتے رہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 25 اگست کو بارڈر پر افغان حکام کے ساتھ جرگہ ہوا، جس کے بعد ان لاشوں کو گدھوں پر لاد کر لے جایا گیا۔

اگر سیکیورٹی فورسز بروقت کارروائی نہ کرتیں تو یہ دراندازی کر کے پاکستان میں داخل ہو کر بڑی دہشتگردی کی کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔ فتنہ الخوارج کے بڑے گروہ کو پہلے ہی ٹھکانے لگانے کو انٹیلی جنس اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close