عمران خان کی پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دے دی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ انہیں اور ان کی دونوں بہنوں کو چار ماہ بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تین ماہ سے کوشش کر رہے تھے، لیکن ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ آج اللہ کا شکر ہے کہ ملاقات ممکن ہوئی۔

علیمہ خان کے مطابق، ملاقات کے دوران سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر گوہر اور علی ظفر سمیت دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی صحت عمومی طور پر ٹھیک ہے، تاہم ان کی آنکھ میں مسئلہ ہے، جس کے علاج کے لیے عدالت میں درخواست دی جا رہی ہے۔ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز آنکھوں کا معائنہ کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے فکرمند ہیں اور انہیں شیرشاہ اور شاہ ریز کی گرفتاری سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ عمران خان نے گفتگو میں کہا کہ ایسی سزائیں اور نااہلیاں پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئیں، اور کرکٹ کو محسن نقوی نے تباہ کر دیا ہے۔

عمران خان نے پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا جائے، اور یہ بھی کہا کہ ضمنی انتخابات میں شرکت کر کے ان انتخابات کو قانونی جواز فراہم نہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو ضروری ہدایات بھی دے دی ہیں۔

اس کے علاوہ عمران خان نے بونیر اور دیگر علاقوں میں آنے والے سیلاب پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close